لکھنؤ،2؍ ستمبر (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) راجدھانی لکھنؤ اور آس پاس کے اضلاع میں ہو رہی بارش کے سبب پچھلے چوبیس گھنٹے کے اندر 16لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ 12 زخمی ،18مویشیوں کے نقصان کے علاوہ 461کچے مکان اور جھوپڑیاں منہدم ہو گئی ہیں۔ یہ ریکارڈ ہفتہ سے لے کر اتوار کی صبح تک کا ہے ۔
راحت کمشنر سنجے پرساد نے اتوار کو بتایا کہ لکھنو سمیت ریاست کے مختلف اضلاع میں ہوئی تیز بارش سے چوبیس گھنٹے کے اندر شاہجہاں پور چھ،سیتا پور میں تین ،امیٹھی اور اوریا میں دو دو ،لکھیم پوری کھیری ،اناؤ رائے بریلی ایک ایک کی موت ہو گئی ہے ۔
وہیں اس بارش میں ابھی تک بارہ لوگ شدید طور پر زخمی ہو گئے ہیں جبکہ 18مویشیوں کا نقصان ہوا ہے اور 461مکان منہدم ہو گئے ہیں ۔ اس بارش سے لوگوں کو زبر دست نقصان ہو اہے ۔
اس کے علاوہ بارش سے گنگا ،گھاگھرا اور سئی ندیوں کی آبی سطح میں اتنا اضافہ ہو گیا ہے کہ پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے لگا ہے ۔ ندیوں کے لگا تار بڑھی آبی سطح کو دیکھتے ہوئے لوگ گھرے سے منتقل ہونے پر مجبور ہو رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ احتیاط کے طور پر ضلع انتظامیہ نے بچاؤ اور راحت کے کام کے لئے ندیوں کے کنارے این ڈی آر ایف کی ٹیمیں تعینات کی ہیں اور اس بارش میں ہوئے نقصان کو لے کر بھی متاثرین کو ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے ۔